ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / ساحلی کرناٹک میں زبردست بارش دکشن کنڑا، اُڈپی اور اُترکنڑا میں ایک ایک شخص کی موت

ساحلی کرناٹک میں زبردست بارش دکشن کنڑا، اُڈپی اور اُترکنڑا میں ایک ایک شخص کی موت

Wed, 05 Jul 2023 11:26:34    S.O. News Serviceاُڈپی میں 2 افراد ہلاک

بھٹکل 5/جولائی (ایس او نیوز) ساحلی کرناٹک  کے تینوں اضلاع دکشن کنڑا، اُڈپی اور اُترکنڑا میں گذشتہ چار پانچ دنوں سے بارش کا سلسلہ جاری ہے لیکن پیر سے بارش میں شدت دیکھی جارہی ہے اور ذرائع کے مطابق منگل سے لے کر بدھ تک تینوں اضلاع میں ایک ایک شخص کے مرنے کی اطلاع ملی ہے۔

اُترکنڑا کے  کاروار کے  آرگا قصبہ میں  آج صبح  ایک معمر خاتون کی نعش اُسی کے گھر کے باہر کمپاونڈ میں جمع پانی میں  پڑی ہوئی پائی گئی ہے۔  بتایا جارہا ہے کہ منگل   رات کو ہوئی زبردست بارش میں پورے علاقے میں پانی بھر گیا تھا اور گھرو ں میں بھی پانی داخل ہونے کے امکانات کو دیکھتے ہوئے رات 12:30 بجے تحصیلدارو دیگر سرکاری اہلکاروں نے جائے وقوع پر پہنچ کر جائزہ لینے کے بعد   وہاں کے مکینوں کو محفوظ مقام پر منتقل ہونے کی صلاح دی تھی، مگر   ان لوگوں  نے اپنا مکان چھوڑ کر جانے سے انکارکیا تھا۔  اب اُسی علاقہ میں خاتون   کی نعش گھر کے باہر کمپاونڈ میں جمع پانی  پر  تیرتی ہوئی حالت میں ملی ہے۔ مہلوک کی شناخت 85 سالہ  تارامتی نائک کی حیثیت سے کی گئی ہے۔  پتہ چلا ہے کہ غیر شادی شدہ معمر خاتون اپنے گھر پر اکیلی رہتی تھی۔

ضلع اُڈپی کے  کنداپور کے قریب کوٹا میں  رات کو ہوئی زبردست بار ش کے نتیجے میں  ایک شخص اسکوٹی سمیت سڑک کنارے نالے میں  جاگرنے سے ہلاک ہوگیا ہے۔ واردات منگل اور بدھ کی درمیانی شب قریب ڈیڑھ بجے پیش آئی۔ مہلوک کی شناخت 45 سالہ  کوٹا کے رہائشی  دیواکر شٹی کی حیثیت سے کی گئی ہے۔ ذرائع نے بتایا کہ  دیواکر دیر رات اپنی اسکوٹی پر سوار گھر جارہا تھا، ایک موڑ پر اس کی اسکوٹی بے قابو ہوگئی اور وہ اسکوٹی سمیت  15 سے 20 فٹ گہرے نالے میں جاگرا۔ مقامی غوطہ خوروں کی مدد سے نعش نالے سے برآمد کرلی گئی ہے۔

ضلع دکشن کنڑا کے اُلال سے ملی اطلاع کے مطابق   سومیشور میونسپل حدود کے پیلارو نامی مقام پرایک شخص اپنے ہی گھر  کے قریبی نالے کو عبور کرنے کے دوران نالے میں گرکر ہلاک ہوگیا۔ اس کی شناخت سُریش گٹّی (52) کی حیثیت سے کی گئی ہے۔ پیشہ سے پینٹر سُریش منگل شام کو اپنے گھر لوٹ رہا تھا جس کے دوران وہ نالے میں گرگیا، شدید بارش کی وجہ سے نالے میں کثیر مقدار میں پانی جمع تھا، جس میں ڈوب کر وہ ہلاک ہوگیا۔

بتاتے چلیں کہ ریاست کرناٹک کے 10 اضلاع میں  تیز ہواؤں کے ساتھ بارش کا سلسلہ جاری ہے۔ مینگلور، اُڈپی، کنداپور، گنگولی، بیندو وغیرہ علاقوں میں رات سے ہی موسلادھار بارش ہورہی ہے، بھٹکل میں    منگل کو جس طرح کی شدید بارش ہوئی تھی،ا ب  اُس طرح کی شدید بارش نہیں ہے، البتہ  ہلکی بارش کا سلسلہ رات سے ہی جاری ہے۔ بھٹکل سے متصل علاقہ ہوناور کے  شراوتی بیلٹ میں صبح سے زبردست بارش ہونے کی خبر موصول ہوئی ہے۔ کمٹہ، انکولہ اور کاروار میں بھی  شدید بارش جاری ہے۔ کاروار میں رات سے جاری بارش کی وجہ سے کاروار بس اسٹائنڈ تالاب  میں تبدیل ہوگیا ہے۔ 

یاد رہے کہ ساحلی کرناٹک کے دکشن کنڑا میں اسکولوں اور کالجوں میں چھٹی کا اعلان کیا گیا ہے، اُترکنڑا کے پانچ ساحلی تعلقوں بھٹکل، ہوناور، کمٹہ، انکولہ اور کاروار کے  پرائمری، ہائی اسکول اور پی یو سی طلبہ کو چھٹی دے دی گئی ہے جبکہ ضلع اُڈپی میں بارش کے حالات کو دیکھتے ہوئے   اسکولوں اور کالجوں  میں حاضری کو ضروری قرار نہیں دیا  گیا ہے۔

کوپل ضلع منیر آباد اور اس کے اطراف و اکناف علاقوں میں موسلادھار بارش کی وجہ سے کئی فصلیں تباہ ہونے کی خبر ہے، جس کی وجہ سے کسان اور کاشتکاروں کو کافی نقصان اُٹھانا پڑا ہے۔  منگلورو شہر میں ہوئی بارش کی وجہ سے نشیبی علاقوں میں موجود کئی مکانوں میں پانی داخل ہوا ہے جبکہ پمپ ویل فلائی اوورو کے نیچے تین سے چار فیٹ پانی جمع ہونے کی وجہ سے سواروں کو کافی پریشانیوں کا سامنا کرنا پڑاہے۔ بھٹکل میں منگل کو زبردست بارش کی وجہ سے نیشنل ہائی وے پر بھاری مقدار میں  پانی جمع ہوگیا تھا جس کی  وجہ سے ٹریفک نظام درہم برہم ہوگیا تھا، مگر بدھ کو بارش میں کمی واقع ہونے کے بعد راستوں پر جمع پانی اُترچکا ہے۔

محکمہ موسمیات نے 6 جولائی سے چترادرگہ میسورو، ٹمکورو، ہاسن، یادگیر، کلبرگی اور بیدر میں تیز ہواؤں کے ساتھ موسلادھار بارش کی پیش گوئی کی اور ان اضلاع میں  ’’یلو الرٹ‘‘ کا اعلان کیا ہے، جبکہ   7 جولائی کو   چکمنگلور ، کورگ، شیموگہ، اُڈپی، اُتر کنڑا اور دکشن کنڑا اضلاع میں بھی موسلادھار بارش ہونے کے امکانات بتائے ہیں۔ باگل کوٹ، بیلگاوی ، بیدر دھارواڑ، گدگ، کلبرگی، کوپل، رائچور، وجئے پور، یادگیر، بیلاری، بنگلورو شہر، بنگلورو  مضافات، چامراج نگر، چکبالاپور، کولار، منڈیا اور میسورو میں بھی اگلے 2 دنوں میں موسلادھار  بارش ہونے کے امکانات بتائے گئے ہیں۔


Share: